فلپائنی وفد کا   ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ،  جراحی کی تیاری میں گہری دلچسپی  کا اظہار

10

سیالکوٹ،20اکتوبر  (اے پی پی):فلپائنی سفارتخانے کی  چارج ڈی افئیرز   ماریا ایگنس  ایم سروینٹس نےوفد کے ہمراہ  ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ فلپائنی وفد میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالغفور ملک ، سینئر نائب صدر وہب جہانگیر ، نائب صدر عامر مجید شیخ سمیت دیگر اراکین  چیمبر اور تاجر برادری نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا ۔

 بعدازاں ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ عبدالغفور ملک نے سپاسنامہ پیش کیا اور فلپائنی وفد کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خوش آمدید کہا۔

صدر ایوان صنعت و تجارت  سیالکوٹ عبدالغفور ملک نے اپنی گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط مذید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرجیکل آلات سمیت کھیلوں کا سامان، ہوزری، چمڑے کی مصنوعات، مارشل آرٹس، بیوٹی انسٹرومنٹس اورہاتھ سے بنے ہوئے بیجز سمیت دیگر سامان یورپ اور امریکا سمیت دنیا بھر میں بھیج رہا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق سامان تیار کر رہا ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ  ہم فلپائن کو بھی ان مصنوعات  کی فراہمی میں تعاون کے لیے پرعزم ہیں اور چاہتے ہیں کہ فلپائن اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کو مذید وسعت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ملک کا ایک اہم معاشی حب اور مکمل طور پر برآمدات پر مبنی شہر ہے۔

صدر ایس سی سی آئی سیالکوٹ نے کہا کہ ہم  نے اپنی مدد آپ کے تحت متعدد میگا پراجیکٹس مکمل کرکے اپنی مدد آپ کی منفرد مثالیں قائم کی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ 2021 میں پاکستان اور فلپائن  کے درمیان تجارتی حجم 217 ملین امریکی ڈالر تھا۔

فلپائنی سفارتخانے کی  چارج ڈی افئیرز ماریا ایگنس  ایم سروینٹس نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پاکستان  اور بالخصوص سیالکوٹ شہر پوری دنیا میں اپنی مصنوعات کی وجہ سے ایک منفرد پہچان رکھتا ہے اور ہم پاکستان اور فلپائن کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہیں،  پاکستان اور فلپائن کے درمیان باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے بھی خواہاں ہیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جا سکے۔ انہوں نے  سیالکوٹ میں تیار ہونے والے آلات جراحی کی تیاری میں گہری دلچسپی  کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے مابین تجارتی روابط کی بہتری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے دونوں ممالک مزید آگے بڑھ سکتے ہیں۔

فلپائنی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئرز نے کہا کہ دونوں ممالک خوشگوار تجارتی تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے ایس سی سی آئی کی دستاویزی فلم “سیالکوٹ، دی سٹی آف پروگریسو پیپل” میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی جو اس میٹنگ کے دوران دکھائی گئی۔وائس کونسل ڈین ایرون سی بیگاپورو،  کونسل اے ایچ پنجاب فہدل شیخ اور اکنامک اینڈ انفارمیشن اسسٹنٹ مس سمیرا ڈومیسج خان بھی اس موقع پر فلپائنی چارج ڈی افئیرز ماریا ایگنس  ایم سروینٹس کے ہمراہ  تھے ۔

فلپائن کے سفارتخانے کے ناظم الامور نے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں تاکہ فلپائن اور پاکستان کے درمیان مضبوط باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ آمد سے قبل فلپائنی وفد نے فیکٹری ایریا سیالکوٹ میں سرجیکل سے منسلک ہلبرو انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں سرجیکل کی مصنوعات  کاا بغور جائزہ لیا اور انکی کوالٹی سمیت انکی تیاری کےعمل کو بے حد سراہا۔فلپائنی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئرز  نے  سیالکوٹ میں تیار ہونے والے آلات جراحی کی تیاری میں گہری دلچسپی  کا اظہار کیا۔