قومی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی؛چار ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

9

 ملتان، 12 اکتوبر (اے پی پی ): قومی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی گریڈ 2 میں  ملتان، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ایبٹ آباد کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ پہلا سیمی فائنل ملتان بمقابلہ شیخوپورہ اور دوسرا ایبٹ آباد اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جائے گا، دونوں سیمی فائنل سپورٹس کمپلیکس سٹیڈیم ملتان میں کھیلے جائیں۔

 ٹورنامنٹ کے تیسرے روز پہلا میچ ملتان اور سرگودھا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، ملتان نے ٹاس جیت کر سرگودھا کو بیٹنگ کی دعوت دی ، سرگودھا نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔  گل شیر 130 اور زین اشرف 56 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔  ابوبکر نے 2 اور صفدر نے 1 وکٹ حاصل کی۔جواب میں ملتان نے ہدف 15.3 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔  محمد صفدر نے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔  وہ سب سے زیادہ اور احسن رزاق نے 45 رنز بنائے۔  گل شیر نے 1 وکٹ حاصل کی۔

 دوسرا میچ کراچی اور شیخوپورہ کے درمیان کھیلا گیا جس میں  شیخوپورہ نے دس رنز سے فتح حاصل کی۔ کراچی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔  شیخوپورہ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔  آفتاب حسین 77 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سکورر رہے۔  رشید اکبر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جواب میں کراچی کی ٹیم 16.5 اوورز میں 188 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی،  جندل خان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔  احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سنوال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 تیسرے میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر ایبٹ آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔  ایبٹ آباد نے کوئٹہ کو مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز کا بڑا ہدف دیا۔  نعیم اللہ 119 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا سکی۔  نعمت اللہ 125 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔  ایبٹ آباد نے میچ 40 رنز سے جیت لیا فیصل آباد نے حیدرآباد کے خلاف چوتھا میچ چار وکٹوں سے جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔