جنگلات و جنگلی حیات کی بقا اور تحفظ یقینی بنائیں گے: وزیر جنگلات عباس علی شاہ

12

 لاہور12، اکتوبر(اے پی پی): وزیر جنگلات عباس علی شاہ اور نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کے مابین فاریسٹ سیکرٹریٹ میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر جنگلات نے سیکرٹری جنگلات کو محکمہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی محکمہ کیلئے سابقہ خدمات کو سراہتے ہوئے ٹین بلین ٹری پروگرام میں شاہد زمان کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ ٹین بلین ٹری پروگرام کے ہدف کی جانب بڑھنے میں شاہد زمان نے ماضی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شاہد زمان بطور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات نہ صرف ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی تکمیل کیلئے اپنا کردار بڑھائیں گے بلکہ جنگلی حیات کی بقا اور تحفظ کیلئے بھی اپنی ماضی کی پالیسیوں کو لے کر چلیں گے۔ وزیر جنگلات نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ اور بقا کیلئے شاہد زمان کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور سیکرٹری جنگلات کو محکمے کی ترقی کا اپنا ویژنری سفر جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہد زمان جنگلات اور جنگلی حیات کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں، ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر محکمہ کو جنگلات اور جنگلی حیات کی بقا اور تحفظ کا ادارہ بنائیں گے۔ سید عباس علی شاہ نے کہا کہ ٹین بلین ٹری پروگرام کی کامیابی اور تکمیل کیلئے مشترکہ طور پر کردار ادا کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے کہا کہ محکمانہ ترقی کا ویژنری سفر وہیں سے شروع کروں گا جہاں سے چھوڑ کر گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات کی بقا اور ترقی کا عزم لے کر آیا ہوں۔ ان کے تحفظ کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ شاہد زمان نے کہا کہ وزیر جنگلات کے ساتھ مل کر جنگلی جانوروں کے حیاتیاتی تنوع کیلئے مربوط پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ملاقات میں سیکرٹری جنگلات نے محکمانہ پراجیکٹس کی تکمیل اور نئے پراجیکٹس کے آغاز کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا عزم بھی دہرایا۔