لاہور، 8اکتوبر ( اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سوشل ویلفیئر سوسائٹی سکول مغلپورہ کی پرنسپل مسز تحسین کی قیادت میں طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔سکول کے بچوں نے سیلاب متاثرین کے لئے 30 لاکھ روپے کا چیک گورنر پنجاب کو پیش کیا۔سوشل ویلفیئر سوسائٹی مغلپورہ کی طرف سے بھی سوسائٹی کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد سلیم خان نے وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں 10لاکھ روپے کا چیک گورنر پنجاب کو پیش کیا، 4600 طلبہ نے جیب خرچ اور والدین نے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز جمع کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ طلبہ نے مشکل میں گھرے ہم وطنوں کے لیے سیلاب ریلیف فنڈ اکھٹا کر کے شاندار مثال قائم کی ہے ،زندہ قومیں اپنے بچوں کے عملی کردار سے پہچانی جاتی ہیں۔
اس موقع پرسوشل ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر سمیع اللہ خان اور سکول کی پرنسپل مسز تحسین نے گورنر پنجاب کو سگول کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی۔