چنیوٹ؛ 8 اکتوبر، نیشنل ریزیلینس ڈے پر ریسکیو 1122 کیجانب سے فلیگ مارچ کیا گیا

14

 

چنیوٹ،08اکتوبر(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر 8اکتوبر نیشنل ریزیلینس ڈے منایا گیا،ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد فاروق رشید کی سربراہی میں فلیگ مارچ کیا گیا، فلیگ مارچ ریسکیو آفس سے فیصل آباد روڈ، جھمرہ روڈ سے ہوتے ہوئے ختم نبوت چوک میں اختتام پزیر ہوا۔ جس میں شامل تمام ایمرجنسی وہیکلز پر سانحات سے بچاؤ کی آگاہی کے بینرز آویزاں تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے کہا کہ سانحات سے نمٹنا ایک ادارے کیلئے ممکن نہیں ہوتا اس میں تمام ادارے، آرگنائزیشنز اور دیگر وسائل کی ضرورت درکار ہوتی ہے، نیشنل ریزیلینس ڈے کے دن ہم نے اس بات کا عزم کرنا ہے کہ کمیونٹی کو درپیش خطرات انکی نشاندہی اور سانحات سے نپٹنے کے لئے بروقت تیاری سے بڑے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے جوان روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کو فرسٹ ایڈ کی تربیت دے رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ چنیوٹ طاہرہ خان نے کہا کہ قدرتی آفات میں جان کی بازی لگانے والے ہمارے ہیرو ہیں، قدرتی آفات میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے ہم سب دعا گو ہیں، 8اکتوبر 2005میں 7.6شدت کا زلزلہ ملک کے بالائی علاقوں میں آیا اس وقت بہت ساری جانوں کا نقصان ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے عوامی آگاہی اور بنیادی تربیت انتہائی ضروری ہے  اور ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈر ہونا چاہیے۔

 طاہرہ خان نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر پاکستانی ریسکیو 1122 کی عملی تربیت حاصل کرے اور پاکستان کا کارآمد شہری بنے،ہم اس سلسلے میں تعلیمی اداروں،صنعتی اداروں مختلف آرگنائزیشنز اور عام آدمی کو مختلف جدید کورسز کے ذریعے تربیت فراہم کرکے اس قابل بنا رہے ہیں کہ سانحات زلزلہ ہو یا طوفان،سیلاب ہو یا آگ اس میں یہ لوگ امداد فراہم کرسکیں۔