لاہور؛ انسداد جرائم میٹنگ کا انعقاد، کرائم کنٹرول،امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا

24

لاہور،23 اکتوبر ( اے پی پی ): سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی زیر صدارت انسداد جرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کرائم کنٹرول،امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور انسدادی کارروائیاں اور تفتیش کے معاملات بہتر بنانے پر زور دیا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے تھانوں،پولیس دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سینئر افسران فیلڈ اور پبلک میں جائیں،ہفتہ میں ایک دن کھلی کچہریاں لگائیں،پبلک مقامات،تعلیمی اداروں اور اطراف میں منشیات فروشی کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کریں، بدمعاشوں،قبضہ گروپوں، ٹھیکیدار بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں ۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ڈالہ کلچر،اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ سے شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کو فوری گرفتار کریں،کوئی پرچہ زیر التوا نہ ہو،ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر سخت ایکشن لوں گا،کرائم کنٹرول،اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لئے موثر سٹرٹیجی تشکیل دیں،میرٹ پر تفتیش سے کیسز جلد یکسو کریں،سائلین کو تھانوں کے چکر نہ لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل،گاڑی چوری کی وارداتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے،چالاننگ شرح بہتر بنائیں پنجاب فرانزک سائنس،سیف سٹیز اتھارٹی سے کوآرڈینیشن مزید بہتر بنائیں۔

اجلاس میں  ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ایس ایس پی انوسٹیگیشن ،ایس ایس پی لیگل،ایس پی سکیورٹی،ایس پی ڈولفن سکواڈ،ایس پی سی آر او،ایس پی اے آر ایف،ایس پی اے وی ایل ایس،تمام ڈویژنل ایس پیز،اے ایس پیز،متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔