مری؛ پنجاب آرٹس کونسل میں حسن قرأت ونعت کی محفل کا انعقاد

29

مری،10 اکتوبر( اے پی پی ): عشرۀشان رحمت العالمینﷺ کے سلسلہ میں پنجاب آرٹس کونسل میں حسن قرأت ونعت کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مختلف مدارس کے طلباء نے انتہائی خوبصورت انداز میں قرآنی آیات کی تلاوت کی اور نعت کے ذریعے آپﷺ کی شان اقدس بیان کی۔

تقریب سے خطاب میں معروف عالم دین قاری سیف اللہ سیفی نے کہا کہ  پیارے نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی شان اقدس میں فرشتے بھی عرش پر نعت خوانی کرتے ہیں اور دنیا میں بھی ہم اپنے پیارے آقاﷺ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کر کے ان سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آقاء دو جہاں حضرت محمد ﷺکی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

  محفل میں مقامی لوگوں،طلباء اور سیاحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر طلباء میں سرٹیفیکیٹ اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔