ملتان ؛ الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے زیراہتمام چار روزہ کیمپ کا انعقاد

87

ملتان،03 اکتوبر(اے پی پی):المصطفے میڈیکل سنٹر 1ٹرپئی جنوبی مخدوم رشید میں پاکستان کے آنکھوں کے علاج کے بڑے ادارے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے زیراہتمام  کیمپ  کا انعقاد کیا گیا ۔  آگاہی لیکچرز کے دوران آنکھوں کی حفاظت کو اللہ تعالیٰ کی نعمت کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ قرار دیا گیا ہے کیمپ کے دوران  مفت تشخیص۔ علاج معالجہ اور لیزر آپریشن کے علاوہ ان بنیادی وجوہات کی بھی نشاندہی کی گئی جو کہ آنکھوں کی کمزوری کا باعث بنتی اور روز مرہ معمو لات میں حفاظتی تدابیر بارے  آگاہی بھی فراہم کی گئی۔

چار روزہ کیمپ کے چیف آرگنائزر سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر)نعیم خالد لودھی۔  ڈائریکٹر اسسٹنٹ  پروفیسر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی مستنیر افضل لودھی ۔ ایڈمنسٹریٹر تسنیم حیدر تھے۔ الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کی جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ ٹیم نے کرنل طارق عثمان کی قیادت میں آنکھوں کے علاج معالجہ کی چار روز تک سہولیات فراہم کیں۔

 زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور کریم کنڈی ۔ رجسٹرار صہیب راشد خان اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق نے بھی فری آئی کیمپ کا دورہ کیا اور دیہی علاقہ کیلئے اس کار خیر کوسراہا۔کیمپ کے آگاہی لیکچرز کے دوران علاج سے پہلے حفاظتی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا ۔ روزمرہ کے معمولات میں فاسٹ فوڈز کی بجائے  تازہ سبزیوں خاص کر گاجر کے استعمال اور صبح سویرے سبزے پر واک اور آنکھوں کی ورزش کو بہترین حفاظتی تدابیر قرار دیا گیا۔ نظر کمزور ہونے کی وجوہات بارے آگاہی  میں کمپیوٹر سکرین اور موبائل فون کے مسلسل استعمال کو سب سے زیادہ الارمنگ قرار دیا گیا ۔

دریں اثناء فری آئی کیمپ میں مفت  علاج اور آپریشن کیلئے  کیمپ کے المصطفے میڈیکل سنٹر آنیوالے سینکڑوں مردو خواتین اور بچوں کے علاوہ الشفاء ٹرسٹ اور المصطفے میڈیکل سنٹر کی سپیشل ٹیم نے چک 1ٹرپئی مخدوم رشید کے مختلف چکوک میں قائم دینی مدارس اور سرکاری سکولوں کے ہنگامی دورے بھی کیے اور وہاں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی آنکھوں کے معائنہ کے علاوہ کمزور بینائی والے بچوں میں مفت عینکیں اور ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔