محکمہ صحت حکومت پنجاب، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے اشتراک سے نشتر ہسپتال میں بیبی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو کے حوالے سے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

32

 ملتان، 03 اکتوبر  (اے پی پی ): پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور اقوام متحدہ کے فنڈ برائے اطفال (یونیسیف) کے اشتراک سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں بیبی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو ( Baby Friendly Hospital Initiative) کی ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی سربراہ شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی زیر نگرانی ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے ٹریننگ سیشن کا انعقاد ہوا جس میں کنسلٹنٹس، پوسٹ گریجوایٹ رجسٹرارز ، ہاؤس آفیسرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو بیبی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے اس موقع پر بتایا کہ  اس پروگرام کا بنیادی مقصد زچگی کے بعد بچوں کو ماؤں کا دودھ پلانے کی ترغیب دینا اور دودھ پلانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے اور ان ٹریننگ سیشن کا انعقاد جنوبی پنجاب کے دوسرے ہسپتالوں میں بھی کیا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے اس موقع پر ماسٹر ٹرینرز اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر راشدہ عارف، ڈاکٹر رابعہ رحمن، ڈاکٹر رابعہ سلیم اور نادیہ تاج، ڈاکٹر منزہ خالد سمیت دیگر ورکشاپ آرگنائزرز کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔