لاہور،30 ستمبر( اے پی پی ): وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا ۔وزیر قانون خرم شہزاد ورک، سیکرٹری قانون، سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے مراکز کا دائرہ پنجاب بھر میں پھیلانے کی منظوری دی گئی ۔اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا کہ ملتان میں ویمن انسداد تشدد سنٹر جیسے مزید مراکز قائم کئے جائیں گے، لودھراں سے بہاولپور کے درمیان سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے ،وزیراعلی کے حکم پر مئی سے سپیڈو بس سروس آپریشنل ہو چکی ہے،معاہدے کے تحت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو رقم کی بھی ادائیگی کریں گے،انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک فنانشل مینجمنٹ (پی ایف ایم) ایکٹ 2022 کی منظوری دی گئی ہے پی ایف ایم ایکٹ کے تحت مالیاتی شفافیت یقینی بنائی جائے گی ۔اجلاس میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سرکاری اراضی کی فروخت کا معاملہ کابینہ کو ارسال کر دیا گیا۔