میرپورخاص،24 اکتوبر ( اے پی پی): ڈپٹی انسپیکٹر جرنل آف پولیس میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر نے ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چوہدری کے ہمراء ہندو برادری کے سب سے بڑے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر میرپورخاص ڈویژن کے سب سے بڑے لال مندر کا دورہ کیا اور لال مندر کے منتظمین کو دیوالی کی مٹھائی پیش کرکے مبارک باد دی۔
اس موقع پر لال مندری کی انتظامیہ بابو سریش کمار بصر مل، دھنراج مل گھنشام داس ہوتوانی، رمیش کمار وینسی مل منگلانی، پریتم داس کیلارام کیلانی نے ڈی آئی جی میرپورخاص کو لال مندر کے مختلف مذھبی عبادات گاہوں کا دورہ کرایا اور لال مندر کی انتظامیہ نے مذہبی روادری حکومت پاکستان، سندھ حکومت اور میرپورخاص پولیس و دیگر انتظامیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپورخاص کے معزز علماء مسلم برادری انکا بہت زبردست خیال رکھتی ہے اور ہمیں اپنے پاکستان اور مسلم بھائیوں پر فخر ہے۔
میڈیا سے بات چیت میں ڈی آئی جی ذوالفقار مہر نے کہا کہ انکے دورے کا مقصد ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی خوشیوں میں شریک ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کے تناسب سے ہندو برادری کی تعداد میرپورخاص ڈویژن میں زیادہ ہے جس میں تھرپارکر اور عمرکوٹ میں آبادی کا تناسب زیادہ ہے اور ایس ایس پی عمرکوٹ، ایس ایس پی تھرپارکر اور ایس ایس پی میرپورخاص کو دیوالی کے موقع پر سخت سیکیورٹی تعینات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ( ر) اسد علی چوہدری نے کہا کہ میرپورخاص ضلعی میں دیوالی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیئے گئے ہیں جبکہ ملک میں اقلیتی برادری کو اپنے مذھبی تہوار منانے کے برابری کے حقوق ہیں۔