باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

60

(Mr. Nicolas Galey)لاہور، 24اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے ملاقات کی۔باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں فرانس اورپنجاب حکومت کاتعلیم، سیاحت،تاریخی مقامات کے تحفظ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کورونا وباء کے دوران پاکستان کی بھرپور معاونت پر فرانس کے سفیر کا شکریہ ادا کیا.وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اورفرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین معاشی وتجارتی تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ فرانس کی بعض کمپنیاں پنجاب میں کام کررہی ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی ساز گار ماحول موجود ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فرانس کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا ئیں حکومت پنجاب انھیں ہرممکن سہولت دے گی۔

انھوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔فرانس کے تعلیمی اداروں کے وفد کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ میں نے 70کی دہائی میں لاہور کے فرنچ کلچر سینٹر میں داخلہ لیااور فرنچ زبان سیکھی۔فرانسیسی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی تعلیمی اداروں کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا فرانس کی حکومت سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون جاری رکھے گی۔ مستقبل میں اس تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔فرانس کے سفیر کی اہلیہ کیمیلیا گیلی (Mrs.Camelia Galey)، ہیڈ آف اکنامک ڈیپارٹمنٹ لاریونٹ چوپشن (Mr. Laruent Choption)، پولیٹیکل قونصلر سوکرارتھ ہنری (Mr. Sokrarith Henry)،ایم این اے حسین الٰہی،چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔