اسلام آباد،5اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کو بے پناہ باہمی خیر سگالی اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ قازقستان اپنے جغرافیائی محل وقوع اور وسیع وسائل کی وجہ سے وسطی ایشیا کی ایک اہم ریاست ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ایک اہم کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔ اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان کی یہ خواہش ہے کہ قازقستان اپنے روڈ لنکس اور بندرگاہوں بشمول گوادر پورٹ کو تجارت کے لیے استعمال کرے۔ قازقستان کی تجارت ان سہولیات سے بہت فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا اور دفاع کے شعبے میں تعاون میں مزید وسعت کی پیشکش کی۔











