ملتان، 13 اکتوبر (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے کہا ہے کہ پولیس عوام الناس کی خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے ، مؤثر حکمت عملی سے لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر ملتان خرم شہزاد حیدر ، ایس ایس پی آ پریشنز حسام بن اقبال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں کاشف اسلم نے شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی ظفر بزدار اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جلیل عمران نے بزریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں شریک ہوئے ۔ ضلعی پولیس سربراہان نے آ ر پی او کو اپنے اپنے ڈسٹرکٹ کی مجموعی کرائم کی صورتحال بارے تفصیل سے بریف کیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر آ ر پی او کا کہنا تھا کہ کرائم میٹنگ کا مقصد جرائم کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات یقینی بنانا ہے، مؤثر حکمت عملی سے لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے ،انشاءللہ ہم اپنے مقاصد میں سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے ضلعی پولیس سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ پرانے مقدمات کی یکسوئی کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں ، جو ان مقدمات کو مانیٹر کریں گی، جن کے ساتھ ہر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہفتہ وار میٹنگ کرے اور زیر تفتیش مقدمات کی بابت باز پرس کریں۔
ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے کہا کہ مجرمان اشتہاری کی تعداد نہیں بڑھنی چاہیے، خاص طور پر سنگین مقدمات کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنا کر تفتیش مکمل کریں اور مال مسروقہ کی شرح بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان ریجن پولیس کو اسوقت بہت سے چینلجز درپیش ہیں پولیس ان چینلجز سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے موثر اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔











