پی پی 241 بہاولنگر میں  کل ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی میٹریل پولنگ سٹاف کے حوالے کردیا گیا

15

بہاولنگر،15 اکتوبر( اے پی پی):کل( 16 اکتوبر) ہونے والے ضمنی الیکشن پی پی 241 انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل مکمل ہوگیا ہے، انتخابی سامان گورنمنٹ گریجویٹ کالج چشتیاں میں پریزائیڈنگ عملہ کے حوالے کیا گیا، 168 پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ آفیسرز  نے انتخابی سامان وصول کیا،سامان کی ترسیل کا عمل سخت سکیورٹی میں مکمل کروایا گیا، پولیس اہلکاروں کی سیکورٹی میں پولنگ اسٹیشن تک سامان پہنچایا گیا۔

 پی پی 241 میں 2 ہزار سے زائد الیکشن کمیشن عملہ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیگا جبکہ  2 لاکھ 37 ہزار 45 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پی پی 241  کے ضمنی الیکشن میں  سیکورٹی کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 2500 سے زائد افسر اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

  پی پی 241 ضمنی الیکشن میں 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، 4 امیدوار سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر جبکہ 3 آزاد حیثیت سے مقابلہ کررہے ہیں،  پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو دوسرے امیدواروں پر سبقت حاصل ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار ملک محمد مظفر خان  اور مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار باجوہ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔