چنیوٹ؛ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر  یوم سیاہ منایا گیا،  ریلی کا انعقاد

29

چنیوٹ،27 اکتوبر (اے پی پی ):ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر  یوم سیاہ منایا گیا،یوم سیاہ کے سلسلہ میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی ڈی سی آفس سے نکالی گئی جوکہ  ختم نبوت چوک  میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید نے کی۔ ریلی میں ضلعی افسران، طلباء، سول سوسائٹی کے افراد و دیگر نے شرکت کی۔

 ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور انڈیا کے ظلم کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے اظہار یکجہتی بارے بینرز اور کشمیری و پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید  نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری بھارت پر دباو ڈالے اور کشمیریوں کا جائز حق تسلیم کروائے، پاکستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ ہے۔