چنیوٹ،27 اکتوبر(اے پی پی ):پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے دوران حکومت بھی ملک کو کھوکھلا کیا،آج دوبارہ پاکستان کو پاؤں پر کھڑے نہیں ہونے دے رہا،ملک کو دلدل میں گھسیٹ دیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں جامعہ نور الانورا مسکین پورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سے کئی گنا بڑے ملین مارچ ہم نے کئے، ریاست پر اور اداروں پر ہم بھی تنقید کرتے تھے لیکن کسی طرز عمل سے ریاست کو خطرہ محسوس نہیں ہوا،عمران خان کی ساری سیاست مکر اور جھوٹ پر مبنی ہے،عمران کے پاس کوئی منشور نہیں۔انہوں نے کہا کہ نظریاتی یتیم جماعتیں کسی حادثہ کا انتظار کرتی ہیں،قوم ایسے عناصر کیخلاف متحد ہوں۔ دیوالیہ پن کے کنارے کھڑے تھے وہاں سے گرے پر ا گئے ہیں اور وائٹ کر ا گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کی طرف سے چور ثابت ہوچکا ہے ،نہ وقار ہے، نہ شائستگی اور نہ شرم و حیا ،سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اس کے لانگ مارچ سے ہمیں کوئی فرق پڑے۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی کی بات نہیں بلکہ حقیقی آوارگی کی بات کررہا ہے،پاکستان کو مغربی تہذیب کی طرف لے جانا تھا ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مشورہ دیا کہ ہماری ترجیح ملکی معیشت پر توانائیاں صرف کرنےکیلئے ہونی چاہیں، ماضی میں جائینگے تو لمبا قصہ ہے، ریاستی اداروں کی غلطیاں بھی ہیں ،سیاستدانوں کی غلطیاں بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب قومی یک جہتی سے آگے بڑھنا ہوگا۔











