چنیوٹ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن؛آر پی او فیصل آباد کی پریس کانفرنس

17

چنیوٹ،13 اکتوبر  (اے پی پی ): چنیوٹ پولیس کا ڈی پی او عمران احمد ملک کی زیرقیادت جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر معین مسعود نے ڈی پی او عمران احمد ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ امن و امان کا قیام، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے،اس سلسلہ میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔آر پی او نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈکیتی،راہزنی،چوری،سرقہ بالجبر کی وارداتوں میں مطلوب 50سے زائد ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ 4بین الاضلاعی ڈکیت گینگز میں سرفراز عرف سرفو گینگ،زاہد عرف زاہدو گینگ،رضوان عرف رضوانی گینگ،الطاف عرف طافو گینگ شامل ہیں۔ملزمان کا تعلق چنیوٹ،فیصل آباد،حافظ آباد،سرگودھا،نارووال سے ہے۔ڈکیت ملزمان کے قبضہ سے 1کروڑ،17لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرلیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے 40مسروقہ موٹرسائیکل،رکشہ،مال مویشی28 بھینسیں،گائے،بکریاں وغیرہ برآمد کرلی گئیں۔ملزمان کے قبضہ سے 48لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مسروقہ نقدی برآمد کرلی گئی۔ڈکیت ملزمان کے قبضہ سے طلائی زیورات،بجلی کا سامان،سولر پلیٹس،پیٹر انجن،ٹرانسفارمر،موبائل فونز،کھاد سمیت دیگر گھریلو سامان برآمد کرلیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ پسٹل،بندوقیں،کلاشنکوفیں،رپیٹر وغیرہ معہ گولیاں برآمد کرلئے گئے۔سٹی سرکل پولیس نے 47لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔سرکل لالیاں پولیس نے 46لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔سرکل بھوانہ پولیس نے 8لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔آر پی او نے مدعیان میں برآمد مال مسروقہ تقسیم کیا۔مدعیان نے اپنا مسروقہ مال واپس ملنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔