ڈاکٹر یاسمین راشد کا یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں پہلی الائیڈ ہیلتھ سائنسز کانفرنس سے خطاب

13

لاہور، اکتوبر 26(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں گرلز ہوسٹل بنانے کیلئے پی سی ون تیارکرنے کی ہدایت کردی۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ ہدایات یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزمیں دوروزہ پہلی الائیڈہیلتھ سائنسزکانفرنس کے افتتاحی سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ الائیڈہیلتھ کانفرنس میں وائس چانسلر پروفیسرمسعودصادق،ایم ڈی پروفیسرمحمد سلیم، پروفیسر ساجد مقبول، پروفیسر نبیلہ طلعت، پروفیسر شازیہ مقبول، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرخالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر سردار ظفرالفرید، پرنسپل سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر فاروق افضل، گلاسکو سے ڈیلیگیٹس سربراہ پروفیسرشارلیٹ رائیٹ،فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر مسعود صادق نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو یادگاری شیلڈبھی پیش کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے پہلی الائیڈہیلتھ سائنسز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  دو روزہ پہلی الائیڈہیلتھ سائنسز کانفرنس کے انعقادکرنے پریونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر مسعود صادق اور انتظامیہ کومبارکباداور شاباش دیتی ہوں۔گلاسکوسے آئے ڈیلیگیٹس کو خوش آمدیدکہتے ہیں۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی منظوری کاکریڈٹ عمران خان کو جاتاہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ سائنسز اور گلاسکوکے درمیان طبی تدریس کے سلسلہ میں باہمی تعاون انتہائی خوش آئندہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ہم سب کا یقین ہے کہ احتیاط ہمیشہ علاج سے بہترہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور اپنی نوعیت کا بچوں کے علاج و معالجہ میں دنیا کا منفرد ہسپتال ہے۔ ہماری حکومت نے پہلی بار300 سے زائدگریڈ17کے ٹیکنالوجسٹس بھرتی کئے۔ پاکستان کی زیادہ تر آبادی 18سال سے کم بچوں پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ صحت سہولت کارڈ بھی پاکستان تحریک انصاف کا کارنامہ ہے۔ صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کے بڑے بڑے ہسپتالوں میں بھی مریضوں کا علاج و معالجہ شروع ہوچکاہے۔ پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں انیستھیزیا اور ریڈیالوجی کے شعبہ جات میں ایچ آر مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ  سکول آف الائیڈہیلتھ سائنسز کے بچوں کے سٹائپنڈ کیلئے محکمہ کوسمری بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔الائیڈہیلتھ سائنسزکے  گریجوایٹس  کیلئے ہاؤس جاب کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی منظوری میں میری ذاتی دلچسپی بھی شامل تھی۔بچوں کے علاج و معالجہ کی سائنس ہی الگ ہوتی ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں اپنے بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے ریسرچ کی جائے گی۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کانفرنس میں طلبا ء طالبات کو بہت سیکھنے کا موقع ملے گا۔ پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کی ترقی کیلئے اپناکردار اداکرتے رہیں گے۔