گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈاینمل سائنسز کا دورہ ، مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا

8

بہاولپور، 17 التوبر (اے پی پی ):گورنر پنجاب و چانسلر  محمد بلیغ الرحمن نے دورہ بہاول پور کے موقع پر چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈاینمل سائنسز کے آڈیٹوریم کا افتتاح کیا ،جس پر مجموعی طور پر65ملین روپے لاگت آئی ہے اور آڈیٹوریم میں 500افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

 افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد خان، ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر رانا طارق، میاں شاہد اقبال، سیاسی و سماجی کارکنان اوریونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران موجود تھے۔گورنر پنجاب نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پلکن کا پودا بھی لگایا۔ بعدازاں گورنر پنجاب و چانسلر چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز محمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی کے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا ،جس پر50ملین روپے لاگت آئی ہے۔ سپورٹس کمپلیکس میں جمنیزیم، بیڈمنٹن کورٹ اور مختلف انڈور اور آٹ ڈور گیمز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمان نے چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز میں سیمن پروڈکشن یونٹ کا افتتاح کیا جو کہ چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز بہاول پور اور ساہیوال کیٹل بریڈنگ سوسائٹی کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سجاد خان اور صدر ساہیوال کیٹل بریڈنگ سوسائٹی آفتاب وٹو اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔