فیصل آباد۔7نومبر (اے پی پی):فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرزکے چیئرمین ملک محمد تحسین اعوان نے کہا ہے کہ آئندہ ایک سال میں فیسکو ریجن میں 9ارب سے زائد لاگت سے برقی ترقیاتی کام جن میں 11نئے گرڈز،529 کلومیٹر نئی ٹرانسمیشن لائنیں،47نئے فیڈرزاور 700ایل ٹی پروپزلز مکمل کی جائیں گی جو فیسکو کے سسٹم کو مزیداستحکام دیں گی۔صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی اوران کیلئے بہترین کسٹمر سروسز بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔فیسکو وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کمپنی کو مزید ترقی کی منازل کی طرف گامزن کیاجائے گا۔کرپشن کے خلاف “زیرو ٹالرینس “پالیسی پر عمل ہوگا۔۔گریڈ17کی 86آسامیوں پر بھرتی کا عمل آئندہ 60روزمیں مکمل کرلیاجائے گا جبکہ 4700سے زائد آسامیوں پر بھرتی کا عمل بہت جلد شروع کردیاجائے گا۔ریجن بھر کے مختلف اضلاع میں صارفین کی بجلی کی بڑھتی ضروریات اورصنعتی، زرعی اورکاروباری ترقی کیلئے الائیڈ موڑاورگوکھوال،کوٹ مومن، بھابڑا، کلور کوٹ،حیدر آبادتھل، منکیرہ، چھدرو،سرائے مہاجر، کٹھا سنگرال اور،جکھڑ گرڈسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔یہ باتیں انھوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر بشیراحمد اور مسلم لیگ ن کے سٹی صدر شیخ اعجاز بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد، بھلوال، میانوالی، کھیوڑہ اور مختلف اضلاع میں موجودہ 11گرڈسٹیشنو ں پر لگائے گئے پاور ٹرانسفارمرز کی کیپسٹی کو بڑے ٹرانسفارمرز سے بڑھایا جائے گاجبکہ مختلف گرڈز پر 100عدد کپیسٹرز بھی لگائے جائیں گے جو صارفین کے وولٹیج کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ چیئرمین فیسکو بورڈ نے مزید کہا کہ ان تمام کاموں پر لاگت کا تخمینہ تقریبا 6ارب روپے ہے۔ڈسٹری بیوشن آف پاورپروگرام کے تحت سسٹم میں 513نئے تقسیمی ٹرانسفارمر ز کا اضافہ کیا جائے گااور11کے وی کپیسٹرزکے 1800یونٹس لگائے جائیں گے جو فیسکو کے لاسز میں خاطر خواہ کمی کا باعث بنیں گے۔جن پر تقریباًایک ارب 20کروڑ روپے لاگت آئے گی۔آٹو میٹڈ میٹرنگ انفراسٹرکچرپراجیکٹ کے پہلے فیز میں 16066زرعی اور صنعتی صارفین کو آٹو میٹڈمیٹرنگ انفراسٹرکچر پر تبدیل کیا جائے گاجس کا کل تخمینہ 36کروڑ80لاکھ روپے ہے جس کا دائرہ کار تمام صنعتی ،زرعی صارفین تک پھیلایا جائے گا اس پراجیکٹ کی مدد سے صارفین کی میٹر ریڈنگ کے مسائل حل ہو جائیں گے۔