بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، ان کی اچھی اور بہتر تعلیم و تربیت ہم سب کا اولین فریضہ ہے؛خواجہ مظہر الحق

20

ملتان،19 نومبر(اے پی پی):ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہر الحق نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، ان کی اچھی اور بہتر تعلیم و تربیت ہم سب کا اولین فریضہ ہے کیوں کہ کل انہی بچوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، ان سے بہتر کل کی امید انہیں بہترین آج دے کر ہی رکھی جا سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہر الحق نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے اشتراک سے منعقدہ چلڈرن فیسٹیول سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔  خواجہ مظہر الحق نے مزید کہا کہ سیکرٹری ڈاکٹر احتشام انور کے زیر قیادت محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سٹریٹ چلڈرن کی تعلیم و تربیت اور فلاح بہبود کے لیے بھرپور عملی اقدامات کر رہا ہے۔

چلڈرن فیسٹیول کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو چوہدری برادرز ٹیکسٹائل ملز چوہدری ذوالفقار علی، سابق چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی،سماجی رہنما رشید عباس خان اور چیف ایگزیکٹو رائز اے جی گروپ پاکستان غلام فرید نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے محنت کش بچوں کے لیے صبح نو سکول کا قیام ایک احسن اقدام ہے۔ ہمارے بچے ہوشیار اور باصلاحیت ہیں جو دنیا میں کسی بھی ملک کے بچوں سے کم نہیں ہیں۔

 پروگرام کے آرگنائزر نعیم اقبال نعیم نے کہاکہ ہم ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کی طرف سے ہر سال عالمی یوم اطفال اور ورلڈ چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر اس طرح کے تفریحی میلے منعقد کرکے ان بچوں کو ایک روز کی یادگار تفریحی فراہم کرتے ہیں اور انہیں یہ باور کرواتے ہیں کے وہ بھی اس ملک و قوم کے معمار ہیں اور اس ملک کی تعمیر و ترقی میں انہوں نے بھی اپنے حصے کا کام سرانجام دینا ہے۔

صبح نو سکول کی فوکل پرسن حنا چودھری نے فیسٹیول کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 20 نومبر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر انتظام محنت کش بچوں کے لیے قائم ہونے والے صبح نو سکول میں زیر تعلیم بچوں کو ہر ممکن تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 چلڈرن فیسٹیول کے موقع پر بچوں کو مال آف ملتان میں قائم سپر سپیس فن لینڈ میں انڈور گیمز سے تفریح فراہم کی گئی۔ بچوں نے الیکٹرک کار، سینما، ہارر ٹرین، موٹر بائیک اور دیگر انڈور گیمز سے خوب حظ اٹھایا۔ اس موقع پر بچوں کے لیے فورٹ کورٹ میں پیزا پارٹی، میوزک پروگرام، میجک شو کا بھی اہتمام بھی کیا گیا تھا جہاں وہ خوب لطف اندوز ہوئے۔

رائز اے جی گروپ پاکستان اور چوہدری برادرز ٹیکسٹائل ملز پرائیویٹ لمیٹڈ مظفر گڑھ کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں صبح نو سکول کے طلباء، تعلیمی افسران، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔