تھرپارکر؛ بچوں کے تحفظ، حقوق کی فراہمی کے حوالے سے ضلعی کوآرڈینیشن  کمیٹی کا اجلاس

3

تھرپارکر،24 نومبر(اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سنجے کمار کی زیر صدارت بچوں کے تحفظ، بچوں سے جبری مشقت کی روک تھام اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے حوالے سے ضلعی کوآرڈینیشن  کمیٹی کا اجلاس  جمعرات کو یہاں دربار ہال مٹھی میں منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سنجے کمار نے کہا کہ بچے پھولوں کی مانند ہوتے ہیں، ان کی حفاظت کرنا اور ان سے جبری مشقت کروانا بھی قانونی اور اخلاقی جرم ہے۔  انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ضلع انتظامیہ  تھرپارکر بچوں کے تحفظ کے سلسلے میں ضلعی کو آرڈینیشن کمیٹی کو  مزید فعال بنا کر بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے میں سنجیدہ ہے۔

اس موقع پر انہوں  نے محکمہ صحت کے افسر کو ہدایت کی کہ محکمہ صحت اور سماجی بہبود تھرپارکر کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ بچوں میں ان کے بنیادی حقوق اور تحفظ کے حوالے سے قانون کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے اور آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں۔

سنجے کمار نے محکمہ لیبر کے افسر کو ہدایت کی کہ وہ بچوں سے جبری مشقت کی جانچ پڑتال کے لیے فیکٹریوں، اینٹوں اور دکانوں میں کام کرنے والے بچوں کی تعداد رپورٹ کریں۔

 اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی تھرپارکر کے افسر کیلاش نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا مقصد معصوم بچوں کے تحفظ، جبری مشقت روکنے اور خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات کے کام کو تیز کرنا ہے،تاکہ وہ معاشرے کے  قابل لوگ بن سکیں ۔

اجلاس میں ایس ایس پی آفس ہیومن رائٹس کے فوکل پرسن گلاب اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔