جوہرآباد؛ قائدآباد میں 15ملین کی8کنال17مرلے سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروالی گئی

10

جوہرآباد،19نومبر(اے پی پی): اینٹی کرپشن سرگودھااورضلعی انتظامیہ خوشاب نے قائدآباد میں 15ملین کی8کنال17مرلے سرکاری اراضی نا جائز قبضہ مافیا سے واگزار کروالی ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو درخواست گزاری کہ  گئی تھی کہ فیکٹری ایریا قائدآباد میں محمد سلیم نے سرکاری اراضی پر محکمہ ہاؤسنگ کے افسران واہلکاران کی ملی بھگت سے قبضہ کیا ہوا ہے۔ جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے ایکشن لیتے ہوئے ، سرکل آفیسر، اینٹی کرپشن خوشاب کوانکوائری کرنے کی ہدایت کی، دوران انکوائری ریکارڈ کی مکمل چھان بین کی گئی اور موقعہ ملاحظہ کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ ہیوی فیکٹری ایریا منڈی ٹاؤن قائدآباد ضلع خوشاب میں محمد سلیم ، وقار، شاہ زیب وغیرہ نے محکمہ ہاؤسنگ خوشاب کی طرف سے ڈسپنسری کے لیے مختص سرکاری رقبہ 8کنال17مرلے پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے۔جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کی ہدایت پر سرکل آفیسر، اینٹی کرپشن خوشاب نے ضلعی انتظامیہ سے مل کر آپریشن کرتے ہوئے8کنال17مرلے مالیتی15ملین قبضہ مافیا سے واگزار کروا کرسرکار کی تحویل میں دلوا دیا۔

اس حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھاعاصمہ اعجاز چیمہ کہا کہ سرکاری املاک کو ناجائز قبضہ گروپوں سے واگزار کر وا کے واپس سرکار کو دلوائی جا نے کا سلسلہ مزید تیز کیا جاۓ گا۔