ذیابیطس کے عالمی دن کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی واک اور سیمینار

5

ملتان،نومبر 14 (اے پی پی ): ذیابیطس کے عالمی کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں گزشتہ روز آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اس مرض سے پیدا شدہ پیچیدگیوں، علامات اور اس سے بچاؤ کے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا  شعبہ اینڈوکرائنالوجی اینڈ ذیابیطس نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ واک کی قیادت سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن غلام صغیر شاہد اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی۔ واک میں ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان، پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود ، پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج ، نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور شعبہ اینڈوکرائنالوجی کے سینئر فیکلٹی ممبران اور پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی واک کا اختتام نشتر ٹاور پر جا کر ہوا۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شوگر کو وجوہات، علامات، بچاؤ اور علاج معالجے کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔ واک کے بعد ذیابیطس کے موضوع حیات ظفر آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ذیابیطس کے ماہرین نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دئیے۔ انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس کی کئی علامات ہیں جن میں پیشاب کا بار بار آنا، وزن کا گھٹنا، بار بار بھوک لگنا، پاؤں میں جلن اور سن ہونا شامل ہیں اور ذیابیطس دل، خون کی نالیوں، گردوں، آنکھوں، اعصاب اور دیگر اعضا کو متاثر کر سکتا ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ذیابیطس سے بچنے کے لیے انٹرنیشنل ڈایابیٹز فیڈریشن کی ہدایات، کم کھائیں اور زیادہ چلیں، پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔ میڈیکل سائنس کی ترقی کے سبب ذیابیطس جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے اورمریض ایک خوشگوار زندگی گزار سکتا ہے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس موذی مرض کی اہم وجہ غیر متحرک طرز زندگی اور غیر صحت مند غذائی عادات ہیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن غلام صغیر شاہد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بروقت تشخیص اور فوری علاج ہی اس بیماری کے باعث لاحق ہونے والی پیچیدگیوں سے بہتر تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ سیکرٹری صحت اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے واک اور سیمینار کے انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر عثمان، حافظ فرحان راشد اور ڈاکٹر ملک محبوب قادر کی کاوشوں کو سراہا ۔علاوہ ازیں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن غلام صغیر شاہد نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کے ہمراہ پاک اٹالین برن سنٹر کا دورہ کیا اور مریضوں کے لیے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری ہیلتھ نے اس موقع پر مریضوں کی عیادت بھی اور ان کے لواحقین سے درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل۔ پروفیسر ڈاکٹر ناہید احمد چوہدری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاک برن سنٹر ڈاکٹر محمد انور نے سیکرٹری ہیلتھ کو بریفننگ دی۔