عمران خان کی تمام جدوجہد کا مقصد آرمی چیف کی تقرری پر اثر انداز ہونا تھا لیکن وہ ناکام رہے؛ احسن اقبال

24

کوئٹہ،24 نومبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی تمام جدوجہد کا مقصد آرمی چیف کی تقرری پر اثر انداز ہونا تھا لیکن وہ ناکام رہے، عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہو گیا ہے پاکستان کی عوام بھی کسی بھی منفی سرگرمیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

یہ بات وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر احسن اقبال نے کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سمینار سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق وزیر اعظم کا اختیار ہے، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر دو سینئر اور بہترین آرمی افسران لیفٹنینٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹنینٹ جنرل ساحر شمشاد کو عہدے سونپے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی مکمل طور پر آئین اور قانون کے مطابق کی گئی ہے، صدرمملکت  صرف اس سمری کی منظوری میں تاخیر کر سکتے تھے لیکن اسے مسترد نہیں کر سکتے لیکن یہ واضح تھا کہ تاخیر کے بعد بھی ان ناموں میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے سلامتی اداروں اور دفاع کے حوالے سے ہمیں کوئی بھی تنازعہ نہیں کھڑا کرنا چائیے ہم ملک کے دفاع کے لئے ایک سیکنڈ کی غیر یقینی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد انتخابات کے خواہاں ہیں وہ خود بھی جانتے ہیں کہ ٹیکنیکل طور پر ایسا ممکن نہیں سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد بحالی میں 6 ماہ کا وقت درکار ہے بحالی کے عمل اور مردم شماری کے عمل کے بعد ہی انتخابات ہو سکتے ییں۔