ملتان، 18 نومبر (اے پی پی): چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ جناح پارک میں پانی اور لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ دیگر پارکوں میں بھی سولر سسٹم متعارف کروایا جائے گاجس سے قومی خزانے کو لاکھوں کا فائدہ ہوگا۔
ان خیالات کااظہار چیئر مین پی ایچ اے ملتان اعجاز حسین جنجوعہ نے جناح پارک کے دورہ کے موقع پر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ میاواکی جنگل بہترین انداز میں نشوونما پا رہے ہیں جبکہ پانچ میا واکی جنگل خوبصورت نظارہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جناح پارک میں نرسریاں تیار کرنے کے لئے ہدایات جاری کر دی گیئں ہیں۔
چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ پارکوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنا ناگزیر ہے، سولر سسٹم سے ادارے کو مالی فائدہ حاصل ہو گا،بچت سکیم سے ادارے کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پارکوں میں موسمی پھولوں کے لئے کار پٹس کی تیاری کی جارہی ہے۔
چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ جناح پارک میں خوبصورت نرسری تیار کی جائے گی،پارک کو بتدریج بہتر حالت میں بحال کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے کلین اینڈ گرین وژن پر عمل پیرا ہیں۔











