ملتان، 09 نومبر (اے پی پی ): علامہ اقبال ایک آفاقی شاعر ہیں اور ان جیسا شاعر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے جو اپنی شاعری سے قوموں کی تقدیر بدلنے کا خاصہ رکھتے ہوں اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں بلکہ فلسفی، دانشور سیاستدان اور درویش تھے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن، سپیرئیر گروپ آف کالجز ملتان کیمپس کے زیرِ اہتمام یو اے ای گروپ آف ایسوسی ایٹس جنوبی پنجاب اور رائز اے جی گروپ ملتان کے تعاون سے یومِ ولادت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے موقع پر سہہ روزہ تقریبات کے پہلے روز سپیرئیر گروپ آف کالجز ملتان کیمپس میں منعقدہ افتتاحی تقریب علامہ اقبال سیمینار و کیک کٹنگ تقریب سے خطاب میں کیا۔جسکی صدارت ریجنل ڈائریکٹر سپیرئیر گروپ آف کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر محمد یاسر طاہر خان نے کی۔ مہمانانِ خصوصی میں ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری خالد جاوید وڑائچ،سابق چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائیزیشن نعیم اقبال نعیم، صدر سوشل میڈیا ٹیم پی ایم ایل این ملتان محمد عقیل انصاری، ریجنل پروگرام منیجر سپیرئیر گروپ آف کالجز شیخ عادل فاروق، ڈائریکٹر محمد عبداللہ چنگوانی، سماجی رہنما سید محمد علی رضوی، سید محمد عاصم رضا شاہ نقوی، محمد یوسف، گوہر جنید اور ممبر ایگزیکٹو باڈی YPO رشید عباس خان شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی چوہدری خالد جاوید وڑائچ، مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، پروفیسر محمد یاسر طاہر خان اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ اسلامی اصولوں کی روشنی میں عہدِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ مملکت کا قیام چاہتے تھے انہيں اس بات کا یقين تھا کہ جب تک دنیا کی امامت و قیادت مردِمومن کے ہاتهوں میں نہیں آٸے گی اس وقت تک انسانيت اسلام دشمنوں کے ہاتھوں ہلاکت و بربادی سے دوچار رہے گی آج وقت ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو اقبال کے خواب کی حقيقی تعبير بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، محمد عبد اللہ چنگوانی، شیخ عادل فاروق، محمد عقیل انصاری، سید محمد علی رضوی، سید عاصم رضا شاہ اور رشید خان نے کہا کہ شاعر مشرق کا پیغام ہمارے لے مشعل راہ ہے کشمير سے محبت علامہ اقبال ؒ کے خون میں رچی بسی تھی چنانچہ کشميریوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا دیکھ کر ان کی روح بے قرار ہوجاتی تھی کشميریوں سےمتعلق آپ کی گہری فکر آج حرف بہ حرف پیشین گوٸی کی حیثیت سے پوری ہورہی ہے ۔ تقریب سے محمد یوسف، گوہر جنید و دیگر نے بھی خطاب کیا آخر میں علامہ محمد اقبال کی 145 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ دریں اثناء سہہ روزہ تقریبات کے دوسرے روز آج 10 نومبر صبح دس بجے سپیرئیر کالج ملتان میں کلامِ اقبال اور تقاریر کے مقابلے ہونگے۔