وزیراعلی پنجاب  چودھری پرویزالہی کی زیر صدارت اجلاس،  دربار حضرت داتا گنج بخش و دربار حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے احاطے میں خودکار چھتریاں نصب کرنے کی منظوری

25

لاہور۔10نومبر  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کے امور کا جائزہ لینے سے متعلق وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی کودربار حضرت داتا گنج بخش اور پاکپتن میں دربار حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ چودھری پرویزالہی نے دربار حضرت داتا گنج بخش اورپاکپتن میں دربار حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے احاطے میں خودکار چھتریاں نصب کرنے کی منظوری دی۔وزیراعلی  نے داتا دربار کی واٹر سپلائی سکیم کو2 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور  داتا دربارآنے والے زائرین کیلئے ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ کی تعمیر کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پارکنگ پلازہ کو انڈر گرائونڈ راستے سے داتا دربار بیسمنٹ سے ملایا جائے گا،پارکنگ پلازہ کو پیدل افراد کیلئے اوورہیڈ برج کے ذریعے داتا دربار سے منسلک کیا جائے گا،پارکنگ پلازہ میں گاڑیاں کھڑی کرنے والے زائرین روڈ کراس کرنے کیلئے اوورہیڈ برج استعمال کریں گے اورپارکنگ پلازہ میں جدید ترین سکیورٹی چیکنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ داتا دربار چوک کی ری ماڈلنگ اور سرفیس لفٹنگ کا پراجیکٹ بھی شروع کریں گے،دربار حضرت بابا فرید گنج شکر پاکپتن کی اپ گریڈیشن کا ابتدائی منصوبہ تیار کرلیاگیاہے، اسی طرح دربار حضرت بابا فرید گنج شکر کے قریب بھی زائرین کیلئے اوورہیڈ برج بنایا جائے گااورپاکپتن میں زائرین کی سہولت کیلئے پارکنگ پلازہ بھی قائم ہوگا۔وزیراعلی نے دربار حضرت بابا فرید گنج شکر ڈسپنسری اور لنگر خانے کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دربار بابا حضرت موج دریا میں زائرین کیلئے مزید سہولتوں کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے ملازمین کیلئے اعلان کردہ خصوصی الائونس کیلئے فنڈز کا اجرا کردیاگیا ہے۔ وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ داتا دربار کی 4 ہزار فٹ واٹر سپلائی لائن کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے، داتا دربار کی 1500 فٹ واٹر سپلائی لائن تبدیل کر دی گئی ہے۔وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اوقاف سید رفاقت علی گیلانی، ایم پی اے قیصر عباس مگسی، میاں رشید، داتا دربار امور کمیٹی کے چیئرمین محمد شاہد حمید، سیکرٹری حیدر اقبال، ارکان چودھری علی اقبال، آصف قادری، رضا نواز، میاں عمران، سرور علوی، منظور چودھری، راجہ زاہدسعید رشیدنے اجلاس میں شرکت کی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) اسداللہ خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی، سیکرٹریز تعمیرات و مواصلات، اوقاف، ٹورازم، ہائوسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ساہیوال ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔