وزیر اعظم شہباز شریف مصر کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے

3

شرم الشیخ،9نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف مصر کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ منگل کو شرم الشیخ ایئرپورٹ پر مصر کی حکومت اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کو الوداع کیا۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم نے کاپ-27 سربراہی اجلاس سمیت کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کی۔ اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں اور بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ امور، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور وزیر اطلاعات کے علاوہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور بھی تھیں۔ وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید فہد حسین اور سید طارق فاطمی بھی وفد میں شامل تھے۔ موسمیاتی سربراہی اجلاس میں، وزیر اعظم نے ناروے کے ہم منصب کے ساتھ “موسمیاتی تبدیلی اور کمزور کمیونٹیز کی پائیداری” کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کی مشترکہ صدارت کی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی میزبانی میں “مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ” میں بھی شرکت کی۔ کاپ-27 کا باقاعدہ حصہ 18 نومبر تک جاری رہے گا۔ گروپ 77 اینڈ چائنہ کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے، پاکستان موسمیاتی مالیات، موافقت، تخفیف اور صلاحیت کا فروغ جیسے موضوعاتی شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مذاکرات میں ترقی پذیر ممالک کی قیادت کر رہا ہے۔