وفاقی کابینہ کا اجلاس ،  وزیر اعظم نے کوپ۔27 میں  لاس اینڈ ڈیمیجز فنڈ کے قیام کو  پاکستانی کی بڑی فتح قرار دیا

7

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔وزیرِ اعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہوئے نقصانات پر بین الاقوامی برادری کی طرف سے نقصانات کے ازالے کیلئے مدد کی یقین دہانی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نبردآزما ہونے کیلئے اس خطرے سے دوچار ممالک کیلئے لاس اینڈ ڈیمیجز فنڈ کے قیام کو خارجہ محاذ پر پاکستانی کی   بڑی فتح قرار دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس کے آغاز میں تمام وفاقی وزرا کا اپنی علالت کے دوران تیمار داری، نیک تمناؤں اور صحت یابی کیلئے دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ خزانہ، وزیرِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی، وزیرِ مواصلات،  وزیر توانائی ، این ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ اداروں کو سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے ریلیف و بحالی کے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے مصر کے شہر  شرم الشیخ   میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آئے حالیہ سیلاب میں نقصانات کو بین الاقوامی فورم COP-27 میں کامیابی سے اجاگر کرنے پر وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

 کابینہ نے وزیرِ اعظم کے سیکرٹری سید توقیر شاہ کی   والدہ کیلئے دعا مغفرت  کی۔  اس کے  علاوہ کابینہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی۔