پنجاب حکومت کی لوگوں کو ہمہ وقت بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،محمد اقبال

19

مظفرگڑھ،08 نومبر(اے پی پی):سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت کی لوگوں کو ہمہ وقت بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے  دیہی مرکز صحت کرم داد قریشی کے دورے کے موقع پر کہی۔

سیکرٹری صحت نے دورے کے دوران  اسٹاف کی حاضری،ادویات کی فراہمی اور صفائی کی صورتحال کو چیک کیا،انہوں نے لیبارٹری، وارڈز اور لیبر روم میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے مرکز صحت پر ایکسرے یونٹ اور دیگر ضروری سازوسامان موجود نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور انہوں  نے مرکز پر صفائی کے بہترین انتظامات اور انفراسٹرکچر کی اچھی دیکھ بھال کرنے پر عملہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مرکز صحت پر صفائی کے انتظامات اور اسٹاف کا احساس ذمہ داری  دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔

سیکریٹری نے کرم داد قریشی میں تحصیل ہیڈ کوارٹر لیول اسپتال کی زیر تعمیر عمارت پر کام کا بھی معائنہ کیا اور تحصیل ہیڈ کوارٹر لیول اسپتال کی زیر تعمیر سائٹس پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر عمارت میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔