فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا17واں اجلاس،کپاس کے کاشتکاروں کے لئے15دسمبر تک کی سفارشات جاری

8

ملتان۔5دسمبر  (اے پی پی):سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا17واں اجلاس منعقد ہوا،صدارت ڈائریکٹر سی سی آر ملتان ڈاکٹر زاہدمحمودنے کی۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے زرعی ماہرین نےشرکت کی۔اجلاس میں ملکی سطح پر کپاس کی مجموعی صورتحال اور کپاس کی غیرموسمی دیکھ بھال کا جائزہ پیش کیا گیا اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے 15دسمبر تک کی سفارشات پیش کی گئیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کپا س کے بعد گندم کاشت کرنے والے کاشتکار زنک سلفیٹ کھاد کا استعمال لازمی کریں۔متوازن کھادوں کے استعمال سے گندم کی فصل بھرپور ہوگی اور زمین کی زرخیزی بحال رہے گی جس سے آنے والی کپاس کی فصل پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کپاس کے کاشتکار بیج کے لئے رکھی گئی کپاس کی جننگ جلد از جلد مکمل کرلیں اور جننگ کے بعد بیج کو اچھی طرح دھوپ لگوا کر ذخیرہ کریں۔بیج کو ذخیرہ کرنے سے پہلے ا س کا اگاﺅ معلوم کریں اور75فی صد اگاﺅ والا بیج ہی ذخیرہ کریں۔سٹور میں رکھے گئے بیج میں نمی کا تناسب 8فی صد ہونا ضروری ہے۔ کپا س کے کاشتکار بیج کو سوتی یا پٹ سن کی بوریوں میں ذخیرہ کریں،بیج کی بوریوں کوننگے فرش پر رکھنے کی بجائے بوریوں کو لکڑی یا لوہے کے ریک پر رکھیں اور بوریوں کی قطاروں کا درمیانی فاصلہ کم از کم2فٹ ہو تاکہ ہوا کا گزر آسان ہو۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکار کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیروں کو ہفتہ میں ایک آدھ بار الٹ پلٹ کریں اور ڈھیرکے نیچے کچرے کو ٹھکانے لگائیں۔جہاں کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیر موجود ہوں وہاں گلابی سنڈی کے کنٹرول کے لئے ایک عد د جنسی پھندہ لگائیں۔جننگ فیکٹریوں میں موجود متاثرہ ٹینڈے،بیج اور کچرے کو تلف کریں۔گلابی سنڈی کے کنٹرول کے لئے جننگ فیکٹری میں موجود ڈھیروں کے پاس بھی 1-2 جنسی پھندے ضرور لگائیں۔اجلاس میں سی سی آر آئی ملتان کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل ،ڈاکٹر محمدادریس خان،ڈاکٹر فیاض احمد،مس صباحت حسین،ساجد محمود،ڈاکٹررابعہ سعید اور جنیداحمد خان ڈاہا سائنٹفک آفیسرنے شرکت کی۔