اوکاڑہ،20دسمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ احساس راشن پروگرام کو ضلع میں خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے تمام ترتوانیاں صرف کریں، متعلقہ صارفین کو کسی جگہ پر مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے احساس راشن پروگرام کے تحت رجسٹرڈ دوکانوں پر اشیاء ضروریہ کے معیار کو بھی چیک کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری احساس راشن پروگرام کےجائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سسٹم نیٹ ورک ایڈ منسٹریٹر افضال بلوچ نے ضلع میں احساس راشن پروگرام پر پیش رفت ،ضلع کی تینوں تحصیلوں میں منتخب دوکانوں ،ان کی مانیٹرنگ اور لوگوں کی سہولت اور آسانی کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ احساس راشن پروگرام غریب لوگوں کے لئے انتہائی اہمیت کا معاملہ ہے، متعلقہ سرکاری محکمے پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق نتائج پیدا کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کریں۔











