لاہور،20دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب مخدوم سید طارق محمود الحسن نے منگل کو یہاں ملاقات کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی اور ا و پی سی کے گریڈ 9تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگو لرکرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے 56 ملازمین کو ریگولر کر کے دیرینہ مطالبہ پورا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مخصوص اوورسیز کلب بنایا جائے گا اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی نشاندہی و حل کے لئے اوورسیز کانفرنس جلد بلائی جائے گی۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ون ونڈو ریونیو،نادرا اورایل ڈی اے کائونٹرز کو فعال اور ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر دیاگیا ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کی پنجاب کے ہر محکمے میں بھرپور سپورٹ اورمعاونت کریں گے،انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اب او پی سی پنجاب سے اپنی اراضی دستاویزات حاصل اور- 24/7 ہیلپ لائن کے فنکشنل ہونے سے بیرون ملک مقیم پاکستانی کسی بھی وقت اپنا مسئلہ یا شکایت درج کراسکتے ہیں ۔
وزیراعلی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریں گے،دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ اورپنجاب حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔
وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز کمیشن طارق محمود الحسن نے وزیراعلی چودھری پرویزالہی کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعلی کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہی کو طارق محمود الحسن نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔











