اس  ماہ ملک کے تمام ڈاکخانوں کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا جائے گا۔وفاقی وزیرمواصلات  اسعد محمود

12

ملتان۔1دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرمواصلات مولانا اسعد محمود نے کہاہے کہ ڈاک کی ڈیلیوری کے نظام میں مزید بہتری اور جدت لانے کے لیے ملک بھر کے پوسٹ مینوں میں  موٹرسائیکلز تقسیم کررہے ہیں۔عوام کو پوسٹ آفسز کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے سابقہ دور حکومت میں بند کیے گئے 600سے زائد ڈاکخانوں کو دوبارہ کھولنے کا آغاز کر دیا ہے۔محکمہ ڈاک کے نظام میں  جدت لانے کے لیے ملک بھر کے 150سے زائد پوسٹ آفسز کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیاہےجبکہ دسمبر 2022ء تک ملک کے تمام ڈاکخانوں کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرمواصلات نے ملتان جنرل پوسٹ آفس میں منعقدہ پوسٹ مین سٹاف کومالکانہ حقوق پرموٹرسائیکل تقسیم کرنے کی تقریب سے   خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر اور پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب سرکل ذوالفقار حسنین بھی موجود تھے۔مولانا اسعد محمود نے مزید کہا کہ عوامی سہولیا ت کی فراہمی کے پیش نظرجنوبی پنجاب میں 600 سے زائد ڈیجیٹل فرنچائزپوسٹ آفسز کا آغاز کیا جا چکا ہے جن سے عوام اپنی دہلیز پر پوسٹ آفسز کی سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں۔عوامی مفاد کے منصوبوں پرعمل درآمد سے ملکی سیاسی و سماجی فضاء کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ رانا حسن اخترنے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بہتر عوامی سہولیات  کے پیش نظر ڈاک کی بکنگ سے لے کر ڈیلیوری تک کے تمام  مراحل  کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے کام کا آغاز ہو گیاہے جس سے عوام کو پرائیویٹ کورئیر کمپنیوں کےمہنگے نرخوں کے مقابلے میں پاکستان پوسٹ کے انتہائی مناسب نرخوں پر محکمہ ڈاک کی جدید سروسز میسر ہوں گی۔ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین  کی ماہانہ پنشن کی ادائیگی اور سیونگ بینک کی سروسزکوڈیجیٹلائزڈ سسٹم سے آراستہ کرنے کے بعد دوبارہ آغاز کیا جارہا ہے۔تقریب میں پوسٹل سرکل جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پچاس سے زائد پوسٹل ملازمین میں موٹر سائیکل ا ور جدید سسٹم سے آراستہ موبائل فون تقسیم کیے گئے۔وفاقی وزیرمواصلات مولانااسعد محمود نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ و دیگر آفیسران کے ہمراہ ملتان جی پی او میں منعقدہ  یادگاری ٹکٹوں کی نمائش کا دورہ کیا۔نادرااور پاکستان پوسٹ کے اشتراک  سے قائم کیے گئے شناختی کارڈ کی تجدید اور درستگی کے خصوصی کاؤنٹر کا افتتاح کیا۔ تقریب سےمحبوب الہی چیف پوسٹ ماسٹر ملتان جی پی اواور ملک شاہد یوسف نے بھی خطاب کیا۔