ملتان، سیکٹر- M-5, I  موٹروے سنٹرل II زون کی موٹروے پولیس کے 25ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب

29

ملتان، یکم دسمبر، ( اےپی پی): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر-M-5, I موٹروے سنٹرل 2 زون میں موٹروے پولیس کے 25 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود، زونل کمانڈر/ڈی آئی جی شاہد جاوید اور  سیکٹر کمانڈر/رانا محمد اسماعیل اور دیگر آفیسران و ملازمین نے شرکت کی۔ جس میں سب سے پہلے وفاقی وزیر کو سلامی دی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد وفاقی وزیر نے سیکٹر آفس میں پودا لگایا اور وطن عزیز اور شہدائے موٹروے پولیس کے لیے دعا کی گئی۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے آفیسران و ملازمان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس نے ایمانداری، شائستگی اور مدد کی بنیادی اقدار کی بنیادوں پر اپنا آپریشنل کام شروع کیا اور عوامی خدمت، پیشہ ورانہ کام اور لگن کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے۔انہوں نے موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور موٹروے پولیس کو سپیشل الاؤنس دیے جانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نے بتایا کہ 1997 میں جب موٹروے پولیس کا قیام عمل میں آیا تو پہلی موٹروے 367 کلومیٹر پر مشتمل تھی ۔آج موٹروے پولیس 4799 کلومیٹر پر فرائض منصبی انجام دے رہی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود ڈی آئی جی شاہد جاوید نے موٹروے پولیس کے دیگر افسران کے ہمراہ پاکستان موٹروے پولیس کے 25ویں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔