الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے کیسو کے سیلاب  متاثرین میں بسترے  تقسیم کیے گئے۔

43

چترال، 21 دسمبر(اےپی پی):الخدمت فاوئنڈیشن کی جانب سے کیسو گاؤں  کے سیلاب اور بارش کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ یہ سامان130 گھرانوں میں تقسیم ہوا جن کے گھر سیلاب یا بارش کی وجہ سے متاثر ہو ئے تھے۔ تقسیم کیے گئے  سامان میں  توشک، تکیہ اور گرم بستر شامل ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر عبد الحق نے میڈیا  سے بات  چیت کرتے ہوئے بتایا کہ28 جولائی 2022 کو چترال لوئر میں پہلا سیلاب آیا جس سے کئی دیہات اس کی زد میں آئے۔ 29 جولائی کو الخدمت فاؤنڈیشن چترال نے ریلیف کے کام کا آغاز کیا۔ متاثرہ علاقوں کے تین ہزار متاثرین میں فوڈ پیکجز، ٹینٹ، ترپال، کپڑے اور بسترے تقسیم کیے گئے۔ بعض علاقوں کے نہری نظام کو نقصان پہنچا تھا۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر و مرمت کے کاموں میں لگے ہوئے تھے، ان علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے ککڈ فوڈز (تیار کھانا) تقسیم کیا گیا۔

عبد الحق نے مزید کہا کہ شیشی کوہ کے علاقے میں سیلاب سے 8 اموات ہوئی تھیں۔ الخدمت نے شہیدوں کے بچوں کی کفالت کے لیے آرفن فیملی یعنی یتیموں کی حاندان پروگرام  ترتیب دیا  جس کے تحت 50 یتیم بچوں کو ماہوار 3500 روپے پہنچایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں کے متاثرین میں نقد امداد  بھی پہنچائی گئی۔ اس کے علاؤہ الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ مساجد کی تعمیر و مرمت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اور بہت جلد ان مساجد میں تعمیر کا کام شروع ہوگا۔

 کیسو گاؤں میں سیلاب اور بارش کے متاثرہ خاندانوں میں بھی سردیوں کی آمد پر بستر وغیرہ تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نیشنل ڈائریکٹر  عامر محمود چیمہ نے بتایا کہ میں نے چترال کا دورہ کیا تو یہاں درجہ حرارت منفی سات ڈگری سنٹی گریڈ تھا جن لوگوں کے گھر سیلاب یا بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں ان کو اس شدید سردی میں نہایت مشکلات کا  سامنا تھا اسلئے ہم نے ان متاثرہ لوگوں میں یہ رضائیاں وغیرہ تقسیم کیں تاکہ یہ لوگ سردی سے بچ سکیں۔

 اس موقع پر چند متاثرین نے بھی ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ ہم الخدمت فاؤنڈیشن کے نہایت مشکور ہیں کہ انہوں نے مصیبت کے اس گھڑی میں ہمارے ساتھ تعاون کیا اور ہمیں گرم رضائیاں دیکر سردی سے بچایا۔