سیالکوٹ،18دسمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہماری ملکی سلامتی و دفاع کے ادارے کو بھی متنازع بنانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکامی اس کا مقدر بنی، گزشتہ ماہ 29نومبر کو آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل مکمل ہوا جسے عمران خان کو بھی قبول کرنا پڑا، عمران خان 10 سال تک وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا تھا، عمران خان نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں سیالکوٹ میں ایک ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے 4 سالوں میں ملکی معیشت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا گیا، ہم گزشتہ 8 ماہ سے ملکی معیشت کو سنبھالا دینے اور مہنگائی کو قابو کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز سامنے آنے والی آڈیو لیکس میں عمران خان کے جھوٹ اور چوریاں سامنے آچکی ہیں،اس شخص نے 6 ارب روپے کے تحفے ڈیڑھ ڈیڑھ کروڑ میں خریدے، اس پراتنے کیسز بنتے ہیں کہ گنتی بھی نہیں کی جاسکتی، یہ جانتا ہے کہ عوام میں اس کی مقبولیت کم ہو رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ انتخابات کرانے کا راگ الاپ رہا ہے لیکن انتخابات ملکی آئین و قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہونگے عمران خان کے کہنے پر یا بلیک میلنگ سے انتخابات نہیں ہونگے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ذہن میں آرمی چیف کی تعیناتی بٹھائی ہوئی تھی اور یہ شخص چاہتا تھا کہ اگلے 10 سال تک بھی یہی وزیراعظم رہے اور اسی وجہ سے اس نے ایک اہم ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، یہ احسان فراموش شخص ہے، اس کی ملک کے لیے کوئی وفاداری نہیں، میں اپنے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ اس شخص سے اپنے مستقبل کی امیدیں نہ باندھیں، یہ جس کو ڈاکو کہتا تھا وہی آج ان کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نامی شخص اقتدار کا بھوکا ہے، نوجوان اس سے اُمیدیں نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہشات کی شدت انسان کو رسواکر دیتی ہے اور عمران خان اقتدار کا بھوکا ہے جو 10 سال تک وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا تھا لیکن پھر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں پی ڈی ایم کی حکومت آگئی اور شہباز شریف وزیراعظم بنے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ملک میں سیاسی مدوجزر ہمارے سامنے ہے، عمران خان نے4 سال میں ملک کو مہنگائی کی بھٹی میں بھون کر رکھ دیا، یہ کہتا تو تھا کہ خود کشی کرلوں گا مگر قرضے نہیں لوں گا لیکن ملکی تاریخ میں اتنا قرضہ کسی حکومت نے نہیں لیا جتنا پی ٹی آئی کی پچھلی حکومت میں لیا گیا اور جب ہمیں حکومت ملی تو معیشت زبوں حالی کا شکار تھی، کوشش کر رہے ہیں کہ گزشتہ 4 سال کی مہنگائی کے آگے بند باندھیں اور عوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت ہماری تمام قیادت پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنوائے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں اور ہماری دوسری قیادت بھی سرخرو ہو رہی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائم نے عمران خان کے خلاف لکھا ہے کہ یہ شخص شوکت خانم کے لیے دئیے گئے زکوۃ و خیرات کے پیسے بھی کھا گیا ہےاسے چاہیے کہ فنانشل ٹائم انتظامیہ کے خلاف کیس کرے کیوں نہیں کرتا ، صرف اسی لیے نہیں کرتا کہ یہ شخص جھوٹا اور فراڈیا ہے، اس سے کوئی خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ شخص جو اپنے محسنوں کو بھی گالیاں دیتا ہے اس سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے، عمران خان محسن کش اور احسان فراموش شخص ہے جس کے قول و فعل میں بھی تضاد ہے جو رات کو کچھ اور دن کو کچھ کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اینڈ کمپنی پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا شور شرابہ کر رہے ہیں لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہو گا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے ہی بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں ناہل قرار دے دیا گیا جس کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا، میں نواز شریف کا سپاہی ہوں اور دعا گو ہوں کہ وہ اپنے وطن واپس آئیں اور ہم سب کی قیادت کریں، اللہ تعالیٰ ہمیں سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین











