او آئی سی کے سیکرٹری جنرل طہ ابراہیم اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کاکشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ

21

اسلام آباد،10دسمبر  (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے سیکرٹری جنرل طہ ابراہیم اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو  تنہا نہیں چھوڑیں گے ، دیرینہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سیکرٹری جنرل اوآئی سی کا دورہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ امت مسلمہ کی یکجہتی کا اظہار ہے ، او آئی سی امت مسلمہ کی ترجمان ہے ، او آئی سی مسلم دنیا کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم امہ کے حوالے سے او آئی سی کے کردار کو سراہتے ہیں ۔ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کرار دادوں کے مطابق ہونا چاہئے ، ہم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے ۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کریں گے، وہ اتوارکو آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے ۔انہوں  نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ او آئی سی 17ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں ، سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے تبادلہ خیال ہوا ، اسلامی تعاون تنظیم کا سفارشات پر خاطر خواہ کام خوش آئند ہے ، او آئی سی کا افغانستان میں امن و استحکام کے لئے کردار قابل تعریف ہے ۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی طہ ابراہیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پرتپاک استقبال پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکرگزار ہوں ، ان کے پاکستان کے دورے کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ او آئی سی کا اظہار یکجہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے اوراسے فعال و متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری دہائیوں سے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ، اسلامی تعاون تنظیم ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز ا ٹھاتی رہی ہے ،او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔

سیکرٹری جنرل نے کہاکہ او آئی سی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی غیر قانونی اقدام کی مخالفت کی ہے ۔