ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مختلف منصوبوں کیلئے 76 کروڑ 40لاکھ ڈالر قرض فراہم کرے گا،سردار ایاز صادق

15

اسلام آباد،15دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مختلف منصوبوں کیلئے 76 کروڑ 40لاکھ ڈالر قرض فراہم کرے گا۔جمعرات کوایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) کے ساتھ دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ  ملک  کے  ڈیفالٹ کرنے کے حوالے سے اپنی سیاست میں لگے ہوئے ہیں لیکن ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اے ڈی بی کے ساتھ اکنامک افیئرز ڈویژن اور حکومت کچھ پراجیکٹ پر دستخط کررہی ہے، رواں سال  تقریباً9 ماہ میں 2.67ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں اور  اے ڈی بی   آسان شرائط پرقرضہ فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل سے لے کر اب تک 2.3 ارب ڈالر کے  معاہدوں پر دستخط کئے جاچکے ہیں جن میں کیپٹل مارکیٹ  بجٹ سپورٹ کے تحت300  ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

 ایاز صادق نے کہا کہ بی آر اے سی ای(براس) پروگرام کے تحت 1.5 ار ب ڈالر خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے کےلئے 100 ملین ڈالر،فلڈ ریلیف کےلئے 3 ملین ڈالر ، کے پی کے میں واٹر ریسورس کےلئے3.6 ملین ڈالر،نولنگ ڈیم  کی فزیبلٹی سٹڈی کےلئے 5 ملین ڈالر اور ایمرجنسی فلڈ لون کےلئے 475 ملین ڈالر دیئے جائیں گے جس پر صرف ایک فیصد مارک اپ ہوگا جو 40 سال کی مدت میں واجب الادا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاور سٹیشن کےلئے 1.89 ملین ڈالر، پنجاب ایمپروو ورک فورس ریڈلینس کے لئے 100 ملین ڈالر اور پنجاب کے دیگرپراجیکٹس  کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوچکے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ  ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر عالمی ادارے پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔