اسلام آباد،18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان کشمیری اور پاکستانی عوام کی آواز ہے،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو آئینہ دکھایا ہے ، دشمن نے جب بھی میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیا گیا ، پاکستان نے ہمیشہ ہمسائیہ ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کی بات کی ۔
اتوار کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں جو بیان دیا ہے وہ پاکستان اور تمام جمہوریت پسندوں کی آواز ہے ، تمام پاکستانیوں نے ان کے بیان کو سراہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں تمام پاکستانیوں اور کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی پڑوسی ملک کو دھمکی نہیں دی بلکہ اچھے تعلقات کی بات کی ہے ، پاکستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا آتا ہے جس طرح بھارت نے پہل کی ان کا جہاز پاکستان میں داخل ہوا اور ان کو اس اقدام کی سزا ملی ، ان کے پائلٹ کو چائے پلا کر رخصت کیا ، بھارت کا میڈیا پاکستان کے خلاف جو پراپیگنڈا کر رہاہے پاکستان پہل نہیں کرے گا ، ہمیشہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ اگر عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسمبلی توڑیں تو ان صوبوں میں انتخابات کے لئے تیار ہیں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے ورکرز ، لیڈر شپ اور تمام ممبران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لئے تیار ہیں۔ اگر انہوں نے ان صوبوں کی اسمبلیاں توڑیں تو ہم انتخابات میں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے ہمیں حکومت کی جانب سے 70 ارب روپے موصول ہوئے ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 99فیصد لوگوں تک وہ رقم پہنچائی ۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ہم نے خواجہ سرائوں کو بھی اس سکیم میں ڈالا ہے ، جن کا شناختی کارڈ بنے گا وہ اس اسکیم کا حصہ ہوں گے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ میں گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان کے موقف کو کمزور طریقے سے پیش کیا جاتا تھا ، وزیر خارجہ بلاول نے پاکستان کا موقف دلیرانہ طریقے سے پیش کیا ۔











