ایبٹ آباد ہاکی گروانڈ کے 12کروڑ لاگت سے مکمل ہونے والے آسٹروٹرف کا افتتاح کر دیا گیا

15

ایبٹ آباد ، 18 دسمبر (اے پی پی ): سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد ہاکی گروانڈ کے 12کروڑ لاگت سے مکمل ہونے والے آسٹروٹرف پر گراؤنڈ کا افتتاح کردیا ۔اس سلسلہ میں ہاکی گراؤنڈ میں پروقار  تقریب کا انعقاد  بھی کیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات سے کھیل کے گراؤنڈ بند ہوئے تھے جس سے ایبٹ آباد میں بھی کھیلوں میں نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کے نام سامنے آنا ختم ہو گئے تھے،آج ایبٹ آباد کے نوجوانوں کے لئے بڑی خوشی کا مقام ہے کہ ہاکی گراؤنڈ پھر سے بحال ہوا ہے۔

تقریب میں شریک سابق ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ ہاکی کے کھیل میں ایبٹ آباد کو ایک بڑا مقام حاصل ہے، یہاں سے بڑے اولمپئن نے اپنے خطہ کا نام روشن کیا۔

اس موقع پر ایبٹ آباد ہاکی گروانڈ کے دونوں مین دروازوں کے نام ایبٹ آباد کے نامور اولمپئن کے نام پر نعیم اختر اور فضل الرحمن لالہ کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔

تقریب میں سابق ایم این اے ، تحصیل میئر ایبٹ آباد ، ڈائریکٹر سپورٹس،اور مختلف تنظیموں کے آفیشلز اور ہاکی کے کھیل سے وابستہ عہدیداران اور کھلاڑی بھی شریک تھے۔