تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنےکیلئے قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے؛ وزیراعلی سندھ کی صحافیوں سے گفتگو

64

کراچی،25دسمبر  (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی دوبارہ ابھرتی ہوئی لہر سمیت تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ یہ پیارا ملک ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں حاصل کر سکےجس کی بنیاد قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی انتھک کوششوں،نظریے اور تدبر سے رکھی تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور کابینہ کے دیگر اراکین کے ہمراہ بابائے قوم کے 146ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں گورنرسندھ اور وزیراعلی سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش پر ہمیں اتحاد اور نظم و ضبط کو قائم کرتے ہوئے ملک کو مختلف بحرانوں سے نکالنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے تاکہ انہوں نے جس ملک کی بنیاد رکھی وہ ترقی کر سکے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر ابھرنے لگی ہے، بنوں اور اسلام آباد کے واقعات قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ  معرض وجود میں آنے والی یہ قوم ملک دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔ انہوں  نے کہا کہ اس دن ہمیں کشمیری عوام کی ان کے منصفانہ مقصد کے لیے قربانیوں اور جدوجہد کو یاد رکھنا چاہیے،پاکستانی عوام  مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

 تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل کو بھی یاد کرتے  ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سردیوں نے ان کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے اور ہم سب کو ضرورت کے وقت ان کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی  حکومت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔