جنوبی پنجاب میں امن وامان کے قیام کیلئے تمام ممکنہ وسائل کے ساتھ بہترین حکمت عملی بنائی جائے گی؛ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب شہزاد سلطان

14

ملتان،30 دسمبر(اے پی پی ):ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب شہزاد سلطان نے کہا ہے کہ ریسورس مینجمنٹ اور مثبت پالیسیوں سے جنوبی پنجاب میں امن وامان کے قیام کیلئے تمام ممکنہ وسائل کے ساتھ بہترین حکمت عملی بنائی جائے گی۔

ان خیالات کا  اظہار ایڈیشنل آئی جی نے  اہم  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔آر پی او بہاولپور منیر احمد ضیاء، آر پی او ڈی جی خان سید خرم علی، ڈی پی او رحیم یار خان اختر فاروق، ڈی پی او راجن پور احمد محیی الدین اور اے آئی جی آپریشن قاضی علی رضا نے شرکت کی۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ نیو ائیر نائٹ پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے  ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے،ہلڑ بازی اور آتش بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شراب نوشی کے عمل پر خصوصی نظر رکھی جائے۔

 شہزاد سلطان نے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو پر امن رہ کر آئندہ سال سے اچھی امیدیں وابسطہ کرنے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل آئی جی نے ریجنز میں کرائم کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور تمام افسران کو ڈکیتی، راہزنی کے جرائم کی شرح میں واضح کمی کیلئے اقدامات  کی ہدایت کی۔