حکومت سندھ نے گنے اور گندم کے نرخ بڑھائے ہیں؛ منظور حسین وسان

15

خیرپور، 10دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور حسین وسان نے  کہا ہے کہ حکومت سندھ نے گنے اور گندم کے نرخ بڑھائے ہیں،ہاریوں  کےحالات دیکھ کر گندم اور گنے کے نرخ مزید بڑھائے جا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ہفتہ کو یہاں یاک تقریب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کو خوشحال بنانے کے لیے سولر سسٹم پر ٹیوب ویل اور دیگر سامان قسطوں پر مہیا کریں گے، سندھ میں ہاری کنوینشن کے انعقاد  کا سلسلہ شروع کیا ہے دیگر علاقوں میں بھی ہاری کنوینشن منعقد ہوتے رہیں گے۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں سے سیلابی پانی نکالنے میں کوتاہی ہوئی، یہ نقصان ناکارہ ڈرینیج  نظام کی وجہ سے ہوا ہے ، بہت سے علاقوں میں ابھی تک سیلابی پانی  کھڑا ہے، مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے آبادگاروں کو فی ایکڑ پانچ ہزار روپے دے رہے ہیں۔انہوں نے  کہا  کہ عام انتخابات 2023ء کے مئی یا جون کے وسط میں ہو سکتے ہیں، پیپلزپارٹی  کے خلاف برسوں سے اتحاد بنتے رہے ہیں لیکن ایسے اتحاد بنانے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے ان سے بیزار  ہو چکے ہیں، عمران کی پالیسیاں ناکام ہو گئی، آنے والے عام انتخابات پیپلزپارٹی جیتے گی، ہم بھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے اور حکومت بنائیں گے۔