سکھر،10دسمبر(اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسمبلیاں توڑنا تیسری قوت کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا تاہم وہ اسمبلیاں نہیں توڑیں گے ایسا کرنا ہوتا تو وہ کب کا کرچکےہوتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر آبی وسائل اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پرمحترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید خورشید احمد شاہ نےکہا کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو دنیا بھر میں اکیلے پن کا شکار کردیا تھا لیکن ملک کے نوجوان وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے دنیا کےتمام ممالک ہمارے دوست ہیں اور بلاول بھٹو کی وجہ سے دنیا نے ہماری سیلاب میں کافی مدد کی۔
سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پنجاب اسمبلی توڑنا چاہتا ہے مگر وزیر اعلی پرویز الہی کہتے ہیں کہ تین ماہ تک اسمبلی نہ توڑو۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت قومی حکومت ہے جس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہے۔
وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھاکہ الیکشن 2023 میں ہونگے، عمران خان حکومت میں بھی ناکام تھے اور حکومت سے باہر بھی ناکام ہیں، ان کا لانگ مارچ بِھی فیل ہوچکا، ان کی حکومت میں ان کے اتحادی بھی ان سے بیزار تھے، عمران خان حکومت اور سیاست دونوں میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے دور حکومت میں بہت ساری غلطیاں کیں جن کا وہ اعتراف کرچکےہیں۔
سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کوبرسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں بہت بڑا جلسہ کریں گے جس میں ملک بھر سے قافلے شرکت کریں گے، جلسے کے حوالے سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اس حوالے سے رہنماؤں و کارکنوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔











