سیالکوٹ۔19دسمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام انٹر ویمن کالجیٹ جناح سپورٹس فیسٹول کاآغاز ہوگیا ۔انٹر ویمن کالجیٹ مقابلو ں میں 32سرکاری و پرائیویٹ گرلز کالجز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پانچ روز تک جاری رہنے والے مقابلوں میں مختلف گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی تھےجبکہ تقریب میں سماجی رہنما مہر کاشف، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شمس ملک،پرنسپل گورنمنٹ علامہ اقبال کالج برائے خواتین زیبا ظہور،پرنسپل گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج پروفیسر مجاہد بخاری،پرنسپل گورنمنٹ مرے کالج پروفیسر محمد نواز،پرنسپل گورنمنٹ نواز شریف کالج برائے خواتین پروفیسرہ گل زیب،پرنسپل حاجی پورہ ڈگری کالج برائے خواتین ریحانہ کامران اور اسسٹنٹ پروفیسر فزیکل ایجوکیشن ثمرہ خانم کے علاوہ کثیر تعداد میں طالبات موجود تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ کالجز میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کا فروغ نہایت اہم ہے، گیمز میں حصہ لینے سے انسانی شخصیت میں مشکل حالات سے نمٹنے کا حوصلہ اور جرات پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جناح سپورٹس فیسٹیول کی بدولت سیالکوٹ کی ہونہار بیٹیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کو موقع دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال کالج برائے خواتین میں کمپیوٹر لیب قائم کی جائے گی تاکہ یہاں آئی ٹی اور کمپوٹر سائنسز کی کلاسوں کا اجراء ک یا جاسکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کالج کے سبزہ زار میں پودے لگائے۔











