لیبر کمپلیکس ٹیکسلا میں 504 فلیٹس اپنے کارکنوں  کے حوالے کرنے جا رہے ہیں ،  ساجد حسین طوری

7

اسلام آباد،12دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی ساجد حسین طوری نے کہا کہ لیبر کمپلیکس ٹیکسلا میں 504 فلیٹس اپنے کارکنوں  کے حوالے کرنے جا رہے ہیں ،اس پروجیکٹ  کو ابتدائی طورپر ڈبلیو ڈبلیو ایف کی گورننگ باڈی نے 2004  میں منظور کیا تھا،یہ پراجیکٹ 240 کنال اراضی پر مشتمل ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ورکر کمپلیکس ٹیکسلا  کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار سلیم حیدر خان وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز نے بھی خطاب کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج مجھے خوشی ہے کہ ہم لیبر کمپلیکس ٹیکسلا میں 504 فلیٹس اپنے کارکنوں  کے حوالے کرنے جا رہے ہیں جو ورکرویلفیئر فنڈ اسلام آباد  میں رجسٹرڈ ہیں۔ اس سنگ میل کے لئے میں اپنے ورکر ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کی آفیشل ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس خواب کو سچ کرنے کےلئے سخت محنت کی جو کچھ قانونی اور دیگر مسائل کی وجہ سے طویل عرصہ سے رکا ہوا تھا۔ اس پروجیکٹ  کو ابتدائی طورپر ڈبلیو ڈبلیو ایف کی گورننگ باڈی نے 2004  میں منظور کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ  یہ منصوبہ 240 کنال اراضی پر مشتمل ہے جسے اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن سے کل 305 ملین کی لاگت سے خریدا گیا ہے ۔ اس منصوبہ کی کل لاگت 1314 ملین ہے جس میں اس مقصد کے لئے حاصل کی گئی زمین کی فہرست  بھی شامل ہے۔ ان میں سے ہر فلیٹ کا احاطہ 762  مربع فٹ ہے جس میں 2 بیڈ روم، 1 لاؤنچ، 1 کچن اور ایک واش روم شامل ہے۔ان فلیٹوں میں ہر ایک عمارت گراؤنڈ اور 3 منزلوں پر مشتمل ہے۔

 ساجد حسین طوری نے کہا کہ  آپ سب اس حقیقت  سے بخوبی واقف  ہیں کہ ہمارے مزدور طبقے کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا پاکستان پیپلز پارٹی  کا بنیادی منشور ہے اورکہاکہ  وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے  کےبعد میں نے فیصلہ کیا کہ ایسے تمام منصوبے ورکرز کے حوالے کردوں جوکہ قبضے کے لئے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ میں نے اپنے انتظامی کنٹرول اور تمام محکموں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایسے منصوبے فوری طورپر شروع کریں جو وسیع تر  عوامی اور قومی مفاد میں ہوں۔ یہ پراجیکٹ 240 کنال اراضی پر مشتمل ہے اور ابھی بھی اس پراجیکٹ  میں زمین کا ایک زائد ٹکڑا دستیاب ہے ۔ اس مقصد کے لئے ڈبلیو ڈبلیو ایف  کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ دوسرے مرحلے میں اس پراجیکٹ میں دیگر سہولیات جیسا کہ سکول، ڈسپنسری، کمیونٹی سنٹر، مارکیٹس، مسجد اور کھیل کے میدان وغیرہ فراہم کریں جس  کے لئے ضروری کوششیں  کی جا رہی ہیں۔ اسے جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔ آخر میں ایک بار پھر تمام معزز مہمانوں  کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے ورکر کمپلیکس ٹیکسلا  کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔