ملتان، 31 دسمبر(اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کی سال 2022 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ سال 2022 میں چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایت پر آگاہی مہم اور ریسکیو آپریشن جاری رہے۔ سال 2022 میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے 1127 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے جبکہ 1131 بچوں کو لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔ حفاظتی تحویل میں لئے گئے بچوں میں بھکاری، گھر سے بھاگے ،گمشدہ، لاوارث نومولود، بے آسرا اور دیگر بچے شامل تھے۔
اس وقت چائلڈ پروٹیکشن بیورو سنٹر میں 70 کے قریب لاوارث بے آسرا بچے موجود ہیں، بچوں کو بہتر رہائش اچھی خوارک رسمی و غیر رسمی تعلیم دی جارہی ہے اور بچوں کو طبی سہولیات، ذہنی، نفسیاتی کونسلنگ اور تفریحی مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔
سال 2022 میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے آگاہی مہم کے دوران بچوں کے تحفظ کے حوالے سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ہیں ۔ بھکاری گھر سے بھاگے گمشدہ، تشدد کا شکار، لاوارث نومولود، بے آسرا بچے نظر آنے کی صورت میں فوراً چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں